پریزیڈنٹ ٹرافی: کراچی میں کرکٹ کی تاریخ کا 232 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

پی ٹی وی کی ٹیم نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں کم ترین رنز کا دفاع کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
شائع 17 جنوری 2026 06:48pm

پریزیڈنٹ ٹرافی کے فرسٹ کلاس میچ میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے خلاف کم ترین اسکور کا دفاع کرتے ہوئے 232 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چار روزہ سنسنی خیز میچ میں پی ٹی وی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے۔

آل راؤنڈر عماد بٹ 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد طہٰ 38، تیمور خان 24 اور محمد محسن 22 رنز بنا سکے۔

کپتان شمائل حسین کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور صرف سات رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ایس این جی پی ایل کے شہزاد گل نے چار، شاہنواز دھانی اور ساجد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پی ٹی وی کی پہلی اننگز کے جواب میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیم 23 رنز پر پہلی وکٹ کے گرنے کے بعد وکٹیں گنواتی رہی اور دوسرے روز پوری ٹیم 238 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

سیف اللہ بنگش 71، عمیر یوسف 42 اور ساجد خان 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پی ٹی وی کے بالرز علی عثمان نے چار، عماد بٹ اور اسرار حسین نے تین، تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔

میچ کے دوسرے روز پی ٹی وی نے دوسری اننگز کا آغاز کیا مگر بلے باز پھر کوئی عمدہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

محمد طہٰ اور محمد سلیمان 27، کپتان شمائل حسین 17 اور محمد محسن 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

میچ کے تیسرے دن ایس این جی پی ایل کو جیت کے لیے صرف 40 رنز درکار تھے لیکن پی ٹی وی کے بالرز نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔

سوئی ناردرن گیس کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم صرف 37 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد بٹ نے 28 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یوں پی ٹی وی نے 40 رنز کے ہدف کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے نا صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ کرکٹ کی تاریخ کا 232 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اس سے قبل سب سے کم ترین رنز کے دفاع کا ریکارڈ 1794 میں انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) اور اولڈ فیلڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں قائم ہوا تھا، جس میں اولڈ فیلڈ نے 41 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔

karachi

National stadium Karachi

1794 Lords

First class cricket record broken

PTV defended 40 Runs

President Trophy

PTV vs SNGPL