کراچی سے ماسی گینگ گرفتار، چوریاں کرکے گھر اور گاڑیاں تک خرید لی

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملازماؤں کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور متعدد موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
شائع 15 جنوری 2026 11:12am
Karachi Police Bust Domestic Masi Gang | Stolen Cash & Cars Recovered

کراچی کے علاقے فیروز آباد میں پولیس نے ایک صنعت کار کے گھر سے چوری کرنے والے گھریلو ملازماؤں کے منظم گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین کو حراست میں لیا گیا جو ایک ہی بنگلے میں ملازمت کر رہی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کی گئی پانچوں ماسیاں گزشتہ نو برس سے اسی صنعت کار کے گھر کام کر رہی تھیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ان خواتین نے طویل عرصے کے دوران گھر سے نقد رقم اور قیمتی اشیا چوری کیں۔

پولیس کے مطابق گینگ کی سرغنہ خاتون عروج نے گھر کے لاکر کی چابی چرا کر تین ہزار روپے میں اس کی نقل بنوائی، جس کے بعد باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت چوری کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملازماؤں کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور متعدد موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔

تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ چوری کی گئی رقم سے گینگ کی بعض ارکان نے گھر، گاڑی اور موٹر سائیکل بھی خریدی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام اثاثے مشکوک ذرائع سے حاصل کیے گئے اور ان کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس گینگ کی سرگرمیاں مزید گھروں تک بھی پھیلی ہوئی تھیں یا نہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار خواتین سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ اس کیس میں مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔

karachi

Karachi Police

House Maids

Masi gang