چین نے امریکی اور اسرائیلی سائبر سیکیورٹی سافٹ ویئر کے استعمال پر پابندی لگا دی

چین نے تمام مغربی ٹیکنالوجی ترک کرنے پر غور شروع کردیا
شائع 14 جنوری 2026 11:35pm

چین نے اپنی کمپنیوں کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں امریکی اور اسرائیلی سائبر سیکیورٹی سافٹ ویئر کے استعمال سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کمپنی انکے سافٹ ویئرز استعمال نہ کرے، چین نے تمام مغربی ٹیکنالوجی ترک کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کی حکومت نے مقامی کمپنیوں کو امریکا اور اسرائیل کی تقریباً ایک درجن سائبر سیکیورٹی کمپنیوں کا سافٹ ویئر استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ قومی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

جن امریکی کمپنیوں کے سافٹ ویئر پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں براڈکام کی ملکیت والی وی ایم ویئر، پالو آلٹو، نیٹ ورکس اور فورٹ نیٹ شامل ہیں جب کہ اسرائیلی کمپنیوں میں چیک پوائنٹ سافٹ ویئر ٹیکنالوجیز نمایاں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی حکام کو خدشہ ہے کہ یہ سافٹ ویئر حساس معلومات اکٹھی کر کے بیرونِ ملک منتقل کر سکتے ہیں۔ حساس نوعیت کے معاملے کے باعث ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کتنی چینی کمپنیوں کو یہ ہدایات موصول ہوئی ہیں، تاہم یہ نوٹس حالیہ دنوں میں جاری کیا گیا ہے۔

چین کے انٹرنیٹ ریگولیٹر سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا اور وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا جب کہ متعلقہ امریکی اور اسرائیلی کمپنیوں نے بھی رائٹرز کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان تجارتی اور سفارتی کشیدگی کے دوران بیجنگ مغربی ٹیکنالوجی کے متبادل کے طور پر مقامی مصنوعات کے استعمال کو فروغ دے رہا ہے۔ چین کو خدشہ ہے کہ مغربی ٹیکنالوجی کو غیر ملکی طاقتیں جاسوسی یا تخریب کاری کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔

اسی تناظر میں چین نے کمپیوٹر آلات اور سافٹ ویئر سمیت دیگر مغربی ٹیکنالوجیز کے متبادل تلاش کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ چین کی بڑی سائبر سیکیورٹی کمپنیوں میں 360 سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور نیوسافٹ شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی سائبر سیکیورٹی کمپنیوں کا چین میں نمایاں نیٹ ورک موجود ہے تاہم حالیہ فیصلے کے بعد ان کمپنیوں کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔

Israel

china

America

Chinese company

cyber security software