وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

وفاقی کابینہ اجلاس میں وزارت خزانہ کی اسٹیٹ بینک سے جاری کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ
شائع 14 جنوری 2026 08:02pm

وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا جب کہ اجلاس میں اہم پالیسی اور انتظامی امور پر بھی فیصلے کیے گئے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے جاری کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کو جدید عصری تقاضوں کے حوالے سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جب کہ اجلاس میں وزارت صحت کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر نئے میڈیکل کالجز کے قیام کا ایجنڈا بھی زیر غور آیا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیز کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ کے بارے میں پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کا مسودہ کابینہ اراکین کی آرا کی روشنی میں مزید غور و خوض کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گزشتہ اجلاس میں فیصلوں کی توثیق کردی، اس کے علاوہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی ہے۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے حالیہ دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے پاک افواج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بھارت کی بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ سے خصوصی خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

old currency notes

Ministry of Finance