کراچی میں 60 تولہ سونے کی چوری، 24 گھنٹے میں ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گھر سے 60 تولہ سونا اور چھ لاکھ روپے نقدی چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک گھر سے ساٹھ تولہ سونا اور چھ لاکھ روپے نقدی چوری کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق چوری کی واردات میں وہ شخص ملوث نکلا جو بچپن سے اس گھر میں آتا جاتا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔ پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی، جس کی مدد سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری شدہ سونا اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعم تجمل نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر چوری کے کیس کو کامیابی سے حل کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

















