یورپ جانے والے مسافر پرواز کے ٹکٹ پر ٹرین کا سفر بھی کر سکیں گے: پی آئی اے
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے برطانیہ اور کینیڈا جانے والے مسافر اب ایک ہی ٹکٹ میں پرواز اور ٹرین سروس استعمال کرسکیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پاگیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت پی آئی اے کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو اسی ٹکٹ پر ٹورنٹو، مانچسٹر اور لندن میں ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز سے ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر ایسیس ریل سروس کے ذریعے کینیڈا کے آٹھ اہم شہروں تک سفر کر سکیں گے۔
اسی طرح برطانیہ کے شہر مانچسٹر اور لندن کے لیے سفر کرنے والے پی آئی اے کے مسافروں کو پچاس سے زائد شہروں تک ایسیس ریل سروس کے ذریعے رسائی حاصل ہوگی۔
پی آئی اے کے مطابق مسافر ریل سروس کا ٹکٹ ایئرلائن کے تمام بکنگ دفاتر اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس سے حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹکٹس کی بکنگ پی آئی اے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن سے بھی کی جا سکتی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاہدے کا بنیادی مقصد مسافروں کو ان کے گھر کی دہلیز تک بہترین سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ ایئر ٹو ریل اشتراک پی آئی اے کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
واضح رہے کہ ’ایسیس ریل‘ ایک بین الاقوامی کمپنی ہے جو ایئر لائنز اور ریلوے کے درمیان پُل کا کام کرتی ہے۔
پی آئی اے نے اس کمپنی کے ساتھ جنوری 2020 میں معاہدہ کیا تھا تاکہ مسافروں کو پی آئی اے کے بکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں ٹرین کے ٹکٹ بک کروانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
جولائی 2025 میں برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے مسافروں کو اب دوبارہ یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔















