پاکستان کو خطے میں آئی ٹی کا مرکز بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں: وزیراعظم
وزیرِاعظم شہبازشریف نے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی شعبے کی تعلیم وتربیت فراہم کرنا اولین ترجیح قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو خطے میں آئی ٹی شعبے کا مرکزبنانے کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے، نوجوانوں کوآئی ٹی کی تعلیم وتربیت کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ٹی ماہر مرحومہ عرفہ کریم رندھاوا کے والدین ثمینہ امجد، امجد کریم رندھاوا اور عرفہ کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تابندہ اسلام نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے عرفہ کریم کی کم عمری میں ہی آئی ٹی کے میدان میں خدمات اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عرفہ کریم کی آئی ٹی شعبے میں لازوال خدمات کے اعتراف میں لاہور میں واقع آئی ٹی ٹاور کو مرحومہ کے نام سے منسوب کیا گیا جو اب عرفہ کریم ٹاور کے نام سے جانا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی شعبے کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو خطے میں آئی ٹی شعبے کا مرکز بنانے کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم و تربیت اور آئی شعبے میں انٹر پرونیورشپ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور رواں برس بھی وفاقی حکومت کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے جارہے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی کی ترقی کے لیے قائم کی گئی عرفہ کریم فاؤنڈیشن کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے جس کی حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔












