تحریکِ انصاف کی ریلی کراچی سے حیدرآباد پہنچ گئی
پاکستان تحریک انصاف کی اسٹریٹ موومنٹ کے تحت خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی کی قیادت میں کراچی سے نکالی گئی ریلی حیدرآباد پہنچ گئی ہے۔
حیدرآباد پہنچنے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ مسلسل کھلواڑ ہوتا آ رہا ہے اور ہم ملک کے لیے ظالم کے خلاف کھڑے ہیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے اور خیبرپختونخوا میں واحد حکومت ہے جو عوامی مینڈیٹ سے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کا بنیادی کام آئین کا تحفظ کرنا ہے، آئندہ آنے والی ترامیم جمہوریت کو مزید نقصان پہنچائیں گی۔
حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جس طرح کل کراچی میں لوگوں سے پیار ملا اسی طرح حیدرآباد پہنچنے تک راستے میں 10 سے زائد مقامات پر ان کا استقبال ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کےپی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہا ہے، وفاق پر ہمارے اربوں روپے بقایا ہیں۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ پرمشکل وقت آیا تو کے پی ساتھ کھڑا ہوا، ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر کے صحافی ہمارا مقدمہ لڑیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی ہفتے کے روز ریلی نکالی گئی ریلی میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ، حلیم عادل شیخ، مینا خان آفریدی اور شفیع جان بھی شریک تھے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے کراچی جلسے کا این او سی دیر سے جاری ہونے کے باعث اتوار کے روز جناح گراؤنڈ کے بجائے مزارِ قائد کے گیٹ پر جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رہنما پاکستان تحریکِ انصاف راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ میڈیا پر این او سی گردش کر رہا ہے لیکن وہ ان تک نہیں پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لیٹر درست بھی ہے تو اب انتظامات کا وقت باقی نہیں رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باغِ جناح سے کرسیاں اور دیگر سامان اٹھایا جارہا ہے، اتوار کے روز ہونے والا جلسہ اب مزارِ قائد کے گیٹ پر ہوگا۔













