عمران خان نے سڑکوں پر تحریک کی ذمہ داری دی ہے، اتوار کو تاریخی جلسہ کریں گے: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صرف خیبرپختونخوا حکومت عوامی مینڈیٹ سے آئی، دیگر صوبوں میں جعلی مینڈیٹ والے برسر اقتدار ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سڑکوں پر تحریک کی ذمہ داری دی ہے، اتوار کو کراچی میں تاریخی جلسہ کریں گے۔
جمعے کو کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کراچی کا جلسہ تاریخی ہوگا، ہم اتوار کو جلسہ کریں گے، جلسے کی درخواست دی ہے تاہم ابھی تک جواب نہیں آیا کہ جلسے کی اجازت ملی ہے یا نہیں، کراچی میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، میرے قائد بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مجھے اسٹریٹ مومنٹ کی تیاری کرانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
سہیل آفریدی نے انتظار کرنے پر صحافی برادری سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں نے پرجوش استقبال کیا، ایئرپورٹ سے کراچی پریس کلب کا راستہ 6 گھنٹے میں طے کیا، کراچی پریس کلب میں حلف برداری نہیں ہوتی، اچھی بات ہے لوگ حلف لے کر اس کی پاسداری نہیں کرتے، یہ پریس کلب کی اچھی روایت ہے، تمام سرکاری اداروں میں یہ روایت ہونی چاہیے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ پنجاب میں بھی اپنی تنظیم کے دوستوں سے ملا، پنجاب کی جعلی حکومت ہمارے ساتھ اچھا رویہ نہیں رکھا، جس ہوٹل میں کھانا کھانے جاتے وہ ہوٹل بند کر دیا جاتا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تنہائی میں دہشت گردوں کی جگہ رکھا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی مقبول ترین لیڈر ہے، میرے لیڈر کی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کیے گیا، عوام کے مینڈیٹ پر بدترین ڈاکا ڈالا گیا، ہماری جنگ ذات اور پارٹی کی نہیں ہم سب کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ارشد شریف کی مثال سب کے سامنے ہے، صحافیوں کے ساتھ جو سلوک ہوا سب نے دیکھا۔
سہیل آفریدی نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں واحد خیبرپختونخوا حکومت ہے، کے پی کے حکومت عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آئی جب کہ باقی حصوں میں حکومت جعلی مینڈیٹ کے ساتھ آئی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور صحافی لازم و ملزوم ہیں، ہم مل کر ملک میں حقیقی جمہوریت لاسکتے ہیں۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ کون سا آئین کہتا ہے ایک صوبے کا چیف ایگزیکٹیو دوسرے میں سیاست نہیں کرسکتا، وہ شق مجھے دکھا دیں میں یہاں سے چلا جاؤں گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کراچی پہنچ گئے
جمعے کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچے، جہاں صوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی نے ان کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے پہنچی جنہوں نے نعروں کے ساتھ وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ وزیراعلیٰ نے اس محبت بھرے استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کارکنوں کے جذبات کو سراہا۔
ایئرپورٹ سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ سے وہ انصاف ہاؤس پہنچیں گے، جہاں پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور موجودہ سیاسی صورت حال سمیت تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آمد پر پی ٹی آئی کارکنان کی آمد سے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ کراچی میں جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیرِ بلدیات ناصر شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے باغ جناح میں جلسے کی اجازت مانگی ہے، اور وہ دی جارہی ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کےپی سہیل آفریدی کا سندھ میں بھرپور استقبال کریں گے، سہیل آفریدی سیاسی سرگرمیاں کریں، جلسہ بھی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جاسکتا، قانون کی خلاف ورزی ہو تومسائل پیدا ہوسکتے ہیں، لیکن جلسہ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج کراچی آنے سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ تین روزہ دورے پر سندھ جا رہا ہوں، جہاں اتوار کو مزارِ قائد پر کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز سے روانہ ہوئے، صوبائی کابینہ کے ارکین بھی وزیراعلی سہیل آفریدی کے ہمراہ موجود تھی۔
سہیل آفریدی نے نجی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی آنا تھا تاہم پرواز کی روانگی میں تاخیر کے باعث فلائٹ تبدیل کی گئی۔ ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ سندھ کے عوام بھرپور تیاری کریں اور اسٹریٹ موومنٹ میں ساتھ دیں۔
سندھ کے دورے کے موقع پر جاری پیغام میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے کونے کونے تک پہنچاؤں گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی کے دورے کے دوران مختلف شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے اور کل حیدرآباد روانہ ہوں گے جبکہ اتوار کو مزار قائد پر جلسے کریں گے۔














