پی آئی اے کا اسلام آباد کے بعد لاہور سے لندن فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

لندن کے لئے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، ترجمان پی آئی اے
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2026 06:32pm

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے چھ سال کے طویل وقفے کے بعد لاہور سے لندن کے لیے براہِ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے لندن کے لیے پہلی پرواز ’پی کے 757‘ 30 مارچ کو روانہ ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی تمام پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل فور پر لینڈ کریں گی۔

لاہور سے لندن کی پروازوں کا دوبارہ آغاز پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ لندن طویل عرصے سے قومی ایئرلائن کے اہم عالمی روٹس میں شامل رہا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے پروازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، جس کے بعد لندن کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد سات ہو جائے گی۔

یورپ میں پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔

اس سے قبل پی آئی اے نے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، جو 29 مارچ سے باقاعدہ طور پر آپریشن شروع کریں گی۔

ترجمان کے مطابق لاہور اور اسلام آباد سے لندن کے لیے پروازوں کی بحالی سے نہ صرف برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی بلکہ قومی ایئرلائن کے عالمی آپریشنز میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

PIA

pakistan international airline

London Flights