کراچی: سہراب گوٹھ میں منشیات کا کاروبار دوبارہ شروع، خواتین سرگرم

جنت گل ٹاؤن میں خواتین منشیات فروشی میں سرگرم، پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 10:11am

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے جنت گل ٹاؤن میں منشیات کا کاروبار ایک بار پھر کھل کر شروع ہو گیا ہے، جہاں اب منشیات فروشی میں مردوں کے بجائے خواتین سرگرم نظر آ رہی ہیں۔ منشیات کے اس نیٹ ورک میں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی پشت پناہی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس کے شواہد ویڈیو کی صورت میں سامنے آ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے جنت گل ٹاؤن میں منشیات کا دھندا دوبارہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کاروبار کو نورعالم نامی ملزم کے ساتھ مل کر بسمام اور اس کی بہن نازمینہ چلا رہی ہیں، جو علاقے میں منشیات فروشی میں سرگرم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ پولیس مبینہ طور پر اس غیر قانونی دھندے کی سرپرستی کر رہی ہے۔ اس حوالے سے پولیس اہلکاروں اور منشیات فروشوں کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں اہلکاروں کو منشیات فروشوں سے گفتگو کرتے اور مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بسمام اور نازمینہ پولیس کو مطلوب ہیں، جبکہ بسمام اس سے قبل دو بار گرفتار بھی ہو چکی ہے۔ دوسری جانب نورعالم پولیس کو انتہائی مطلوب ملزم بتایا جا رہا ہے، جو سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منشیات کی کھلے عام فروخت کے باعث نوجوان نسل شدید متاثر ہو رہی ہے، تاہم کارروائی نہ ہونے پر پولیس کے کردار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی ویڈیوز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

karachi

police

drug trafficking