پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس ایک لاکھ 84 ہزار پوائنٹس عبور کر گیا

مارکیٹ میں اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا
شائع 06 جنوری 2026 12:42pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کی لہر مسلسل جاری رہی اور انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران بیچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس نے ایک لاکھ 84 ہزار کی سطح کو عبور کر کے ایک اور تاریخی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

منگل کے روز سہ پہر 12 بج کر 25 منٹ پر انڈیکس ایک لاکھ84 ہزار 92 اعشاریہ 39 پوائنٹس پر تھا، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں ایک ہزار 684 اعشاریہ 16 پوائنٹس یا 0.92 فیصد زیادہ تھا۔

مارکیٹ میں اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا، جن میں آٹوموبائل اسمبلی، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، پاور جنریشن اور ریفائنری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں نئے سال کا آغاز ایک مضبوط نوٹ پر ہوا تھا، جب مقامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، خاص طور پر میوچل فنڈز کی جانب سے جارحانہ خریداری نے وسیع پیمانے پر ریلی کو جنم دیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس نے تاریخی ریکارڈ قائم کیے۔

اس ریکارڈ ریلی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق اس طرح کی مضبوط خریداری سے نہ صرف اسٹاک ایکسچینج کے ریکارڈ بہتر ہوتے ہیں بلکہ سرمایہ کاروں کے لیے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

PSX

pakistan stock exchange

100 index