لکی مروت: نجی فیکٹری جانے والی بس پر بم حملہ، ایک شخص جاں بحق 7 زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں لکی سیمنٹ فیکٹری جانے والی بس پر بم حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ لکی مروت کے تھانہ لکی سٹی کی حدود میں ناورخیل موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں لکی سیمنٹ فیکٹری جانے والی بس کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ بس بیگو خیل سے لکی سیمنٹ فیکٹری جا رہی تھی کہ راستے میں دھماکہ ہوگیا۔
دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو خواتین سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر سٹی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔












