اختلافات ختم؟ ایلون مسک اور صدر ٹرمپ کی خوشگوار ملاقات، تصویر وائرل

صدر کی نجی رہائش گاہ پر ہونے والی ایک نجی تقریب نے سیاسی اور سوشل میڈیا حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔
شائع 05 جنوری 2026 09:31am

گزشتہ کئی ماہ کی کشیدگی اور عوامی تلخی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دنیا کے امیر ترین ٹیکنالوجی کے صنعت کار ایلون مسک کے تعلقات میں ایک بار پھر نرمی کے آثار دکھائی دینے لگے ہیں۔ فلوریڈا میں واقع صدر کی نجی رہائش گاہ مارالاگو میں ہونے والی ایک نجی تقریب نے سیاسی اور سوشل میڈیا حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے ’’خوشگوار عشائیہ‘‘ قرار دیا اور آنے والے سال 2026 کے بارے میں پُرامیدی کا اظہار کیا۔ یہ تصویر دیکھتے ہی صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید دونوں طاقتور شخصیات کے درمیان پرانی قرابت دوبارہ زندہ ہو رہی ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں کے تعلقات گزشتہ برس شدید تناؤ کا شکار رہے۔ 2025 میں ٹرمپ انتظامیہ کے متنازع ٹیکس اور اخراجاتی بل، جسے ’’ون بگ بیوٹی فل بل‘‘ کہا جاتا ہے، پر ایلون مسک نے سخت تنقید کی تھی۔ مسک کا مؤقف تھا کہ یہ قانون غیر ضروری اخراجات اور سیاسی مفادات سے بھرا ہوا ہے، جب کہ صدر ٹرمپ نے اس تنقید کو ذاتی ناراضی سے جوڑتے ہوئے کہا تھا کہ مسک دراصل الیکٹرک گاڑیوں کے لیے دی جانے والی سرکاری مراعات ختم ہونے پر ناخوش ہیں۔

اس اختلاف نے اس وقت سنگین صورت اختیار کر لی تھی جب صدر نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کو ملنے والے سرکاری معاہدوں اور سبسڈیز پر نظرِ ثانی کی دھمکی دی، جبکہ مسک نے ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کے اشارے بھی دیے تھے۔ یوں ایک ایسا اتحاد جو 2024 کے صدارتی انتخاب میں مالی اور سیاسی طور پر مضبوط نظر آتا تھا، اچانک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا تھا۔

تاہم 2025 کے اختتام تک دونوں جانب سے لہجہ نسبتاً نرم ہوتا دکھائی دیا۔ ستمبر میں ایریزونا میں قدامت پسند رہنما چارلی کرک کی یادگاری تقریب کے دوران دونوں کو مصافحہ کرتے دیکھا گیا، جبکہ نومبر میں ایلون مسک نے وائٹ ہاؤس میں ایک اہم عشائیے میں بھی شرکت کی، جہاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مہمانِ خصوصی تھے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق مارالاگو میں ہونے والی حالیہ ملاقات محض ایک سماجی تقریب نہیں بلکہ مستقبل کی سیاسی ہم آہنگی کا عندیہ بھی ہو سکتی ہے۔ اگرچہ دونوں جانب سے باضابطہ طور پر کسی مفاہمت کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن تصویروں اور بیانات نے یہ تاثر ضرور دیا ہے کہ امریکی سیاست کے یہ دو بڑے کردار ایک بار پھر ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔

جبکہ ناقدین نے اسے ایک متنازع سیاسی اتحاد کے طور پر دیکھا۔ بعض مخالف آوازوں نے پرانے اور غیر مصدقہ الزامات کو دوبارہ چھیڑ کر اس پوسٹ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

TECHNOLOGY

Donald Trump

Elon Musk

Artificial Intelligence

Space X

US Politics

Political Alliance

technology policy

Mar a Lago