خفیہ کیمپ اور آتشبازی: برج خلیفہ میں نیو ایئر شو کی تیاری کیسے ہو رہی ہے؟
برج خلیفہ پر نئے سال کی آتشبازی متحدہ عرب امارات کا ایک بڑا سالانہ ایونٹ ہے جس کے لیے وسیع انتظامات کیے جاتے ہیں۔ یہ صرف چند منٹ کا نظارہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے مہینوں کی خفیہ اور شاندار تیاری، جدید ٹیکنالوجی اور درجنوں افراد کی محنت شامل ہوتی ہے، جو اس عالمی سطح کے شو کو ہر سال مزید شاندار بنانے میں کردار ادا کرتی ہے۔
دبئی میں جب نئے سال کی شب آتی ہے تو دنیا کی نظریں ایک ہی سمت اٹھتی ہیں، اور وہ ہے دبئی کی پہچان ’برج خلیفہ’۔ یہ محض ایک آتش بازی کا مظاہرہ نہیں، بلکہ جدید دنیا سے ایک تخلیقی ہم آہنگی ہے جس میں روشنی، موسیقی، ثقافت اور مستقبل آپس میں گلے ملتے ہیں۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور لاکھوں سیاحوں کے لیے برج خلیفہ کے آسمان کو روشن کرنے کی تیاری کئی ہفتے قبل شروع ہو چکی تھی۔ شاہراہوں کی بندش، میٹرو کے اضافی اوقات، مخصوص اسٹیشنوں کی بندش اور فری شٹل بسیں، سب اسی جشن کے لمحات اور نئے سال کے استقبال کے لیے کیے جاتے ہیں۔
مگر اصل جادو وہ ہے جو نظروں سے اوجھل رہتا ہے۔ برج خلیفہ کی بلند دیواروں کے پیچھے، ایک خفیہ دنیا جاگتی ہے جہاں درجنوں ماہرین دن رات محنت کر رہے ہیں۔
عرب یوٹیوبر اور تخلیق کار عمر فاروق نے اس راز سے پردہ اٹھایا، اپنے لاکھوں مداحوں کو ان راہداریوں اور کمروں تک لے گئے جہاں عام داخلہ ممکن نہیں۔ ان کی ویڈیو میں وہ مقام دکھایا گیا جہاں ڈانسرز ریہرسل میں مصروف تھے، جہاں ایک شاہین درخت سے اڑان بھر رہا تھا، دبئی کے مستقبل اور روایات کا حسین امتزاج۔

دبئی مال سے برج خلیفہ تک تنی ہوئی رسی پر چلتے فنکار، فاؤنٹن میں تیراک، اور نئے سال کے آغاز کے لیے شعلے بھڑکانے والے ماہرین، ان سب کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر مداحوں کو دنگ کر گئیں۔
مگر سب سے زیادہ دلچسپ انکشاف وہ ”خفیہ کیمپ“ تھا، جو شہر سے دور کہیں واقع ہے۔ اسی جگہ پر جدید کنٹرول روم، تربیتی مرکز اور 20 ہزار آتش بازی کے گولے محفوظ رکھے گئے ہیں جو حتمی تجربات کے بعد آسمان پر جلوہ گر ہونگے۔
ایمار کی ٹیم کے مطابق اس سال جدت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جدید لائٹنگ، لیزر شوز، ہم آہنگ آتش بازی، دبئی فاؤنٹین کی پرفارمنس اور ڈاؤن ٹاؤن میں نصب دیوہیکل ایل ای ڈی اسکرینز اس تجربے کو مزید یادگار بنائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ”بہترین رہنا آسان نہیں، اس کے لیے ہر سال خود کو بہتر بنانا پڑتا ہے۔“
یہی وجہ ہے کہ برج خلیفہ کی نئے سال کی تقریب محض ایک جشن نہیں بلکہ محنت، ٹیکنالوجی اور تخلیقی سوچ کا ایسا شاہکار بن چکی ہے جو پوری دنیا کی نظریں دبئی پر جما دیتا ہے۔















