کراچی میں بارش کی انٹری، بالائی علاقوں میں برفباری
کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی کے کئی علاقوں میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد موسم خاصا سرد ہو گیا۔
گلبرگ، گرومندر، لسبیلہ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاءالدین، سول لائنز، ڈیفنس، آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا، صدر، نارتھ کراچی، ملیر، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، لانڈھی اور اطراف میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں سردی اپنے جوبن پر ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ زیارت اور توبہ اچکزئی کے علاقے شدید برفباری سے سفید چادر اوڑھ چکے ہیں۔
بارش اور برفباری کے باعث ان علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ضلع اورکزئی کے علاقوں ڈبوری، کلایہ اور ماموزئی میں کئی گھنٹوں سے وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے، جس کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر اور بعض مقامات پر بند ہو گئی ہیں۔ بارش اور برفباری کے نتیجے میں ان علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
سندھ کے بالائی اضلاع لاڑکانہ، خیرپور، اوباوڑو اور شکارپور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے سرد موسم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ادھر شمالی پنجاب میں دو جنوری تک بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور مطلع ابر آلود ہے، جہاں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں دھند کے باعث نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم گیارہ پر بھی ٹریفک معطل ہے۔
موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور عبدالحکیم تک بڑی گاڑیوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ جہاں سردی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، وہیں پانی کے ذخائر میں بہتری کی امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔














