2025 میں سونا خریدنے والوں کی چاندی، سُنار پان بیچنے پر مجبور

رواں برس ایک تولہ سونا پورے 2 لاکھ روپے مہنگا ہوا، جس کے باعث زیورات خریدنا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگیا
شائع 27 دسمبر 2025 08:45am

سال 2025 میں سونا سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ سونے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی چاندی ہوگئی، تاہم عام صارف اور سُنار مہنگائی کی زد میں رہے۔ رواں برس کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں ریکارڈ دو لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سونے کی بڑھتی ہوئی کشش نے قیمتوں کو مسلسل اوپر کی جانب دھکیلا۔ رواں برس ایک تولہ سونا پورے 2 لاکھ روپے مہنگا ہوا، جس کے باعث زیورات خریدنا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگیا۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے صرافہ بازار میں جہاں کبھی دن رات طلائی زیورات کی خرید و فروخت ہوا کرتی تھی، مگر جب سونے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں تو یہ بازار بھی سونا پڑ گیا۔ سُنار گاہکوں کی کمی اور کاروباری مندی پر قیمتوں کا رونا روتے دکھائی دیے۔

کاروبار مندا پڑا تو کئی سُنار پیٹ پالنے کے لیے پان بیچنے اور دیگر چھوٹے موٹے کام کرنے پر مجبور ہوگئے۔ 60 سالہ کریم نامی شہری بھی انہی میں شامل ہیں، جو برسوں سے سُنار کا کام کرتے آئے، مگر اب حالات نے انہیں متبادل روزگار اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 31 دسمبر 2024 کو فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 72 ہزار 600 روپے تھی، جو دسمبر 2025 میں بڑھ کر 4 لاکھ 72 ہزار 800 روپے تک جا پہنچی۔

قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہوئیں تو لوگوں نے مصنوعی زیورات کا رخ کر لیا، جس کے باعث اصل سونے کی مانگ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمت 1 ہزار 698 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق آئندہ برس بھی سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

یوں سال 2025 سونے کے سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش ثابت ہوا، مگر سنار اور عام صارف کے لیے یہ سال مہنگائی اور مشکلات کی ایک اور داستان بن گیا۔

Gold prices

Gold rates Pakistan

per tola gold

gold rate international

gold price 2025