اسپیکر کے پی اسمبلی کا وزیراعظم کو خط: امن کے لیے وفاق سے تعاون مانگ لیا
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ کر صوبے میں امن کے لیے وفاق سے تعاون مانگ لیا، خط میں امن جرگے کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے مدد کی درخواست بھی کردی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے صوبے میں پائیدار امن کے لیے منعقدہ امن جرگہ سے متعلق خط وزیراعظم شہبازشریف کو ارسال کردیا۔
خط میں امن جرگے کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے وفاق سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے، خط میں مزید لکھا گیا کہ امن جرگہ صوبہ کی سیاسی جماعتوں، سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے منعقد ہوا، امن جرگہ میں شریک تمام فریقین کے اتفاقِ رائے سے ایک مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا، امن جرگہ کو صوبے میں امن و استحکام کے لیے رہنماء فریم ورک قرار دیا گیا ہے، کمیٹی برائے سیکیورٹی مشاورتی عمل کو آئندہ بھی جاری رکھے گی، جرگے کا مقصد امن، استحکام اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔
اعلامیے میں زوردیا گیا کہ پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز کا حل صرف فوجی کارروائیوں تک محدود نہیں، جامع مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی اعتماد کے ذریعے ہی دیرپا امن ممکن ہے، سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی آراء کو مدنظر رکھ کر مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔
وفاق امن جرگے کے اعلامیہ کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کے لیے تعاون کرے تاکہ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔













