فوجی فرٹیلائزر پی آئی اے کے خریدار عارف حبیب کنسورشیم کا حصہ بن گئی

یہ لین دین تاحال حتمی مرحلے میں داخل نہیں ہوا ہے
شائع 25 دسمبر 2025 01:49pm

فوجی فرٹیلائزر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) خریدنے والے عارف حبیب کنسورشیم میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق، فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عارف حبیب کنسورشیم کا حصہ بننے کا فیصلہ ایک حالیہ اجلاس میں کیا۔

نجکاری کمیشن نے جولائی 2025 میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے کوالیفکیشن اسٹیٹمنٹ کی منظوری دی تھی، جس کے بعد کمپنی پی آئی اے میں اکثریتی حصص کی نیلامی کے عمل میں شامل ہونے کی اہل ہو گئی تھی۔

بعد ازاں 23 دسمبر 2025 کو ہونے والی نیلامی میں عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے سب سے زیادہ بولی لگائی اور پی آئی اے کے 75 فیصد حصص خریدنے میں کامیاب ہوگیا۔

اس کنسورشیم میں اب فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے علاوہ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، لیک سٹی ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ، اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ اور سٹی اسکولز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شامل ہیں۔

فوجی فرٹیلائزر کے بورڈ نے کمپنی کو اس بات کا اختیار بھی دیا ہے کہ وہ کنسورشیم، نجکاری کمیشن اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ تمام ضروری معاہدے اور دستاویزات پر دستخط کرے۔

رپورٹ کے مطابق، کمپنی پی آئی اے میں اپنا حصہ براہ راست یا کسی خصوصی مقصد کے لیے قائم کی گئی کمپنی کے ذریعے حاصل کر سکے گی۔

واضح رہے کہ یہ لین دین تاحال حتمی مرحلے میں داخل نہیں ہوا ہے۔

معاہدے کی تکمیل کا انحصار نجکاری کمیشن کی جانب سے لیٹر آف ایکسیپٹنس کے اجرا، تمام فریقین کے درمیان حتمی معاہدوں پر دستخط، اور متعلقہ ریگولیٹری، کارپوریٹ اور قانونی منظوریوں کی تکمیل پر ہوگا۔

PIA

pia privatization

Arif Habib Group

Fauji Fertilizer

Arif Habib Consortium