فیلڈ مارشل اور سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

دفاعی و عسکری تعاون، علاقائی سلامتی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2025 12:20pm

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی سلامتی، دفاعی تعاون اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے بھی نوازا۔

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی و عسکری تعاون اور اسٹریٹجک اشتراک کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، برادرانہ اور گہرے تعلقات کی توثیق کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی قیادت نے شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا۔

یہ اعزاز دفاعی تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

۔

سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عسکری تجربے اور اسٹریٹجک وژن کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزاز ملنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی اور دونوں برادر ممالک کے گہرے تعلقات کی واضح علامت ہے۔

field marshal

Field Marshal Asim Munir

Saudi Defense Minister

awarded

Saudi medal