بارش اور دھند سے سردی میں اضافہ، موٹرویز بند، الرٹ جاری

اسلام آباد، راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز پر ٹریفک معطل
شائع 22 دسمبر 2025 08:34am

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے ہونے والی بارش اور ملک کے مختلف علاقوں میں چھائی دھند کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ خراب موسم کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند دنوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ خراب موسم کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز پر ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک، ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ میں کمی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

۔

موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران سفر کے لیے صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک کے اوقات کو ترجیح دی جائے، کیونکہ ان اوقات میں حدِ نگاہ نسبتاً بہتر ہوتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں کڑاکے کی سردی برقرار ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، لورالائی، پنجگور اور قلات میں بادل برسنے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔

rawalpindi

Cold Weather

اسلام آباد

Cold winds

Severe cold