پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا، بھارت کو بدترین شکست

فائنل کے ہیرو سمیر منہاس ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2025 05:19pm

پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے دی۔ شاہینوں کی شاندار بالنگ کی بدولت بھارتی ٹیم 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 156 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار اور پُراعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی بیٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بھرپور اعتماد کے ساتھ بھارتی بولرز پر دباؤ قائم کیے رکھا اور اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھاتے رہے۔

قومی ٹیم کے اوپنر سمیر منہاس نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔

فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سمیر منہاس ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35 جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 19 رنز بنا کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔

بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، ہینل پٹیل اور کِھلن پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کنیشنک چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاہینوں کی شاندار بالنگ کے سامنے بھارتی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

بھارت کی پہلی وکٹ 31 رنز پر گری، جب اوپنر ایوش مہاترے دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آرون جارج 49 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

بھارتی اوپنر ویبھو سوریاونشی 26 اور دپیش دیوندرن 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے پیسر علی رضا بھارتی ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے۔ علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 رنز کے عوض بھارت کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کرکے ٹیم کو چیمپئن بنوانے میں اپنا حصہ ملایا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار فتح پر پاکستانی ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر تاریخ رقم کی، یہ کامیابی بہترین حکمتِ عملی اورٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرایا تھا۔

اس یادگار فتح کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا تاج اپنے سر پر سجانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ اس سے قبل 2012 میں پاکستان، بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا تھا۔ پاکستان دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ بھی اپنے نام کرچکا ہے۔

india

پاکستان

dubai

Final

Under 19 Asia Cup

U19 Asia Cup Champions

Under 19 Asia Cup Champion

Under 19 Asia Cup Final 2025