ابوظہبی: 2026 کے جشن میں کئی گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے کی تیاری

فیسٹیول میں 6,500 ڈرونز کا 20 منٹس طویل شاندار شو پیش کیا جائے گا۔
شائع 09 دسمبر 2025 11:21am

ابوظہبی کے علاقے الوَثبہ میں نیا سال منانے کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں، جہاں شیخ زاید فیسٹیول انتظامیہ نے مشرقِ وسطیٰ کے سب سے بڑے اور جدید ترین نیو ایئر ایونٹس میں سے ایک پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رنگوں، روشنیوں، موسیقی، ورثے اور جدید ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج اس رات کو یادگار بنانے والا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق فیسٹیول میں سالِ نو کی رات ایسا شاندار آتش بازی کا مظاہرہ پیش کیا جائے گا جس میں پانچ مختلف مرحلوں کے ذریعے پانچ نئے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ مرکزی شو، رات آٹھ بجے شروع ہوگا اور یہ فائرورکس شو پورے 62 منٹ تک مسلسل آسمان پر رنگ و روشنی بکھیرے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ آتش بازی دور دور تک دیکھنے والوں کے لیے ایک حیرت انگیز تجربہ پیش کرے گی۔

دبئی اور ابوظہبی میں کام کیلئے ’نائٹ ورک پرمٹ‘ کیسے حاصل کیا جائے؟

شیخ زاید فیسٹیول کی انتظامیہ نئے سال کی آمد پر جشن منانے کے لیے دنیا کے سب سے بڑے ڈرون شوز اور مختلف ممالک کی ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل خصوصی پروگرام کی تیاریاں کر رہی ہے۔ یہ فیسٹیول تفریح اور ثقافت کا عالمی ملاپ پیش کرتا ہے۔

اس بار فیسٹیول کی خاص بات 6,500 ڈرونز کا ایک ہی وقت میں 20 منٹ طویل شو ہے، جو دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد مظاہرہ ہوگا۔ ڈرونز آسمان پر نو مختلف دیوقامت آرٹ سین تخلیق کریں گے، جو ڈیجیٹل کاؤنٹ ڈاؤن اور آتش بازی کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر شاندار منظر پیش کریں گے۔ اس شو کے ذریعے فیسٹیول جدید ٹیکنالوجی میں اپنی مہارت کا ایک بار پھر ثبوت دے گا۔

دبئی دنیا کے 20 امیر ترین شہروں کی فہرست میں شامل

نیو ایئر ایوننگ میں سرکاری و نجی ادارے، ملکی و غیر ملکی پویلین، اور مختلف اسٹریٹجک پارٹنرز بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ کہیں اماراتی ورثے کی جھلکیاں ہوں گی، کہیں جدید لائٹنگ، لیزر اور ڈرون ٹیکنالوجی کی نمائش، جبکہ دنیا بھر کے فنکار اپنے اپنے روایتی فنون پیش کریں گے۔

اسٹیجوں پر ”العَیالہ“، ”الرَّزفہ“ اور ”النَّدبہ“ جیسے روایت پسند اماراتی رقص سیکڑوں فنکاروں کی شرکت کے ساتھ دیکھنے کو ملیں گے، جب کہ بین الاقوامی گروپس بھی رنگا رنگ شوز پیش کریں گے۔

بچوں کے لیے خصوصی پروگرام، تھیٹر اور دسمبر 2025 میں کھلنے والا نیا ایمیوزمنٹ پارک بھی جشن میں ایک دلچسپ اضافہ ہیں۔

انتظامیہ نے متوقع ریکارڈ تعداد میں آنے والے مہمانوں کے لیے سیکیورٹی اور آپریشنل پلانز کو مزید بہتر کیا ہے۔ جس کے لئے داخلی و خارجی راستوں میں اضافہ کیا گیا ہے، پیدل چلنے والے راستوں کی توسیع کی گئی ہے اور خصوصی تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی، سیفٹی اور میڈیکل سہولیات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

یو اے ای میں اگلے سال تنخواہوں میں زبردست اضافے کا امکان

مختص جگہیں مکمل بھرنے کے بعد گیٹس بند کر دیے جائیں گے، اس لیے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بروقت ٹکٹ بک کروائیں اور اپ ڈیٹس کے لیے فیسٹیول کے سرکاری ذرائع پر نظر رکھیں، باخبر رہیں تاکہ آخری لمحات میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیخ زاید فیسٹیول کی تیاریاں ٹیکنالوجی اور اماراتی ثقافت کے حسین امتزاج کو ظاہر کرتی ہیں۔ فیسٹیول میں جدید ٹیکنالوجی اور روایتی اماراتی ورثے کو ملا کر خطے کا سب سے بڑے جشن منایاجائے گا، اور دنیا بھر سے آنے والے مہمان نئے سال 2026 کو ایک یادگار اور منفرد ماحول میں خوش آمدید کہیں گے۔

UAE

dubai

ابوظہبی

Guinness World Records

Fireworks

Modren

Technoligy

New Year Eve

Jashn 2026

Arab Amarat