کراچی: سندھ ثقافت ریلی کے شرکا اور پولیس میں تصادم، مظاہرین کا پتھراؤ، پولیس کا لاٹھی چارج

شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جب کہ دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں
شائع 07 دسمبر 2025 07:32pm

کراچی کے علاقے شارع فیصل پر سندھ ثقافت سے متعلق ریلی کے شرکا اور پولیس میں تصادم ہوگیا، ریلی کے شرکاء نے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے جواب میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جب کہ دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

اتوار کو کراچی کے علاقے شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب سندھ ثقافت سے متعلق ریلی کے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم ہو گیا۔

شارع فیصل ایف ٹی سی پل کے قریب ریلی میں شامل شرپسند عناصر نے شدید ہنگامہ آرائی کی جب کہ نامعلوم افراد نے مسافر بسوں پر پتھراؤ کیا، خواتین کو ہراساں کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

شرکا شارع فیصل سے کراچی پریس کلب کی طرف جارہے تھے، پولیس نے شرکا کو متبادل راستے کی جانب جانے کی ہدایت کی، جس پر ریلی کے شرکا نے متبادل راستے سے جانے سے انکار کردیا۔

جس کے بعد پولیس اور ریلی کے شرکا کے درمیان تکرارہوگئی اور مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا، جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ بھی کی۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند کردیا گیا جب کہ شارع فیصل پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی بھاری نفری کے ہمراہ شارع فیصل پر موجود رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کوپریشانی سے بچانے کے لیے متبادل راستہ فراہم کیاجارہاہے، ريڈ زون کی طرف کسی کو جانے کی اجازت نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔

دوسری جانب واقعے کے دوران ایک شہری نے مسافر بس کے اندر سے ہنگامہ آرائی کی ویڈیو بنائی جس میں نامعلوم افراد کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ شرپسندوں نے مسافر بس کے شیشے بھی توڑ دیے جب کہ پولیس موبائل کو نقصان پہنچانے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

سندھ کے وزیرِداخلہ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فون پر ہدایات جاری کیں۔

وزیرِداخلہ نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس گاڑیوں اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے۔

karachi

Sindh Police

Clash

Sindh Culture Rally

Clash between Sindh Culture Rally participants and police