کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 خواتین سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد

گھر کے اندر سے ایک مرد بھی تشویش ناک حالت میں ملا ہے، پولیس
اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2025 09:16pm

کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 خواتین سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ ایک مرد تشویش ناک حالت میں ملا ہے۔

اتوار کے رواز کراچی میں گلشن اقبال کے علاقے حرمین ٹاور بلاک ٹو میں گھر سے 3 خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ گھر کے اندر سے ایک مرد بھی تشویش ناک حالت میں ملا ہے۔

جاں بحق خواتین کی شناخت 52 سالہ ثمینہ، 22 سالہ ماہا اور 19 سالہ ثمرین کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ مرد کی شناخت یاسین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ایک خاتون کی لاش 4 روز پرانی ہے۔

تینوں لاشیں ماں بیٹی اور بہو کی ہیں۔ مرنے والی خواتین کی لاشوں اور خاتون کے بیٹے کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں خواتین کی لاشوں پر کوئی زخم کے نشانات موجود نہیں، شبہ ہے کہ زہریلی گیس سے گھر میں موجود افراد کی اموات ہوئی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔

واقعے میں تشویشناک حالت میں ملنے والے یاسین نے اسپتال میں گفتگو کرنے کی بھی کوشش کی تاہم اس کی حالت بہت غیر تھی اور وہ بول نہیں پارہا تھا اس نے اشاروں سے گھر والوں کے بارے میں پوچھا جب کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق یاسین کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ خاندان کچھ عرصہ قبل رینچھور لائن سے گلشن اقبال منتقل ہوئے تھے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بھی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ضلع شرقی سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں، ایسے واقعات تشویشناک ہیں، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کراچی کے مختلف علاقوں سے 2 افراد کی لاشیں برآمد

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں گھر سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی، جس کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی اور ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودکشی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس کے علاوہ لیاری آگرہ تاج بابو ہوٹل کے قریب سڑک سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت 30 سالہ سہیل کے نام سے کی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے جب کہ دونوں لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق

دوسری جانب کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

بلدیہ نادرن بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں، بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

لانڈھی جوگی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 15 سالہ محمد بلال ولد محمد علی جاں بحق ہوگیا۔ مرنے والے نوجوان کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

گڈاپ سٹی کے قریب ایک اور حادثے میں سڑک کراس کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ستر سالہ عالم خان جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی موقع سے فرار ہوگئی۔

بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک آئل ٹینکر الٹ گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ الٹا ہوا ٹینکر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا سبب بنا۔

karachi

Dead Bodies Found

dead bodies recover