اسرائیل کے غزہ میں جنگی جرائم کے شواہد موجود ہیں، یو این سیکرٹری جنرل

غزہ میں کی گئی فوجی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور تباہی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، انتونیو گوتریس
شائع 05 دسمبر 2025 09:23am

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں اور یقین کیا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بدھ کو برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں دو ٹوک موقف دیتے ہوئے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں آپریشن حماس کے خاتمے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

حماس ابھی بھی موجود ہے لیکن غزہ کو تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں کی گئی فوجی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور تباہی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔

انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں ہونے والے نقصان کی نوعیت اور شدت یہ ظاہر کرتی ہے کہ اسرائیلی فوج کی کارروائی کے طریقۂ کار میں سنگین خامیاں ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسرائیل فوج نے غزہ اور لبنان میں پھر حملے کیے ہیں جس میں سات افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ چار عمارتیں مکمل طور پر تباہ کردی ہیں۔

AAJ News Whatsapp

اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے رفح سمیت مختلف رہائشی علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے آبادی کو نشانہ بنایا، رفح پر حملوں میں حماس کے کمانڈر کو بھی شہید کردیا۔

انہوں نے ہٹ دھرمی سے کہاکہ غزہ میں پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج جنگ بندی کے بعد سے اب تک 360 فلسطینیوں کو شہید کرچکی، جبکہ 900 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ غزہ جنگ میں اب تک 70 ہزار سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کرکے چار رہائشی عمارتیں تباہ کر دیں۔

Israel

United Nations

Hamas

Secretary General Antonio Guterres