نیوزی لینڈ میں 19 ہزار ڈالر کا لاکٹ نگل کر چوری کرنے والا گرفتار
نیوزی لینڈ میں پولیس نے ہیروں اور قیمتی پتھروں سے جڑے ہزاروں ڈالر مالیت کے لاکٹ کو نگل کر چوری کرنے کے الزام پر آکلینڈ سے گرفتار کرلیا۔
بی بی سی کے مطابق نیوزی لینڈ میں پولیس نے 32 سالہ شخص پر چوری کا مقدمہ درج کیا ہے، جس نے مبینہ طور پر چوری کی نیت سے ایک قیمتی لاکٹ نگل لیا۔
یہ واقعہ آکلینڈ میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں ایک جیولری شاپ میں پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کو بلایا گیا اور مشتبہ شخص کو چند منٹوں میں ہی دکان کے اندر سے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نگلا گیا قیمتی لاکٹ تاحال برآمد نہیں ہوسکا ہے۔ اس لاکٹ کی مالیت 33 ہزار 585 نیو زی لینڈ ڈالر (تقریباً 19 ہزار 300 امریکی ڈالر) بتائی جارہی ہے۔
جیولر برانڈ کے مطابق انڈہ نما لاکٹ 60 سفید ہیروں اور 15 نیلے نیلم پتھروں سے مزین ہے جسے کھولنے پر اندر 18 قیراط سونے سے بنی ایک ننھی آکٹوپس کی شکل ظاہر ہوتی ہے۔
اس منفرد لاکٹ ‘آکٹوپسی ایگ‘ کا نام 1983 کی جیمز بانڈ کی فلم ‘آکٹوپسی’ سے لیا گیا ہے، جس کی کہانی بھی ایک قیمتی انڈے کی چوری کے گرد گھومتی ہے۔
فیبریگ (Fabergé) نامی برانڈ دنیا بھر میں قیمتی پتھروں اور دھاتوں سے بنے اپنے شاہکار انڈوں کے لیے مشہور ہے، اور اسے دو صدی قبل روس میں قائم کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو 8 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق اسی شخص پر 12 نومبر کو اسی جیولری اسٹور سے ایک آئی پیڈ چوری کرنے اور اس کے اگلے روز ایک اور مقام پر بھی 100 ڈالر مالیت کا سامان چوری کا بھی الزام ہے۔















