جوڈیشل کمیشن اجلاس: سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کیلئے چیف جسٹسز کے ناموں کی منظوری

اجلاس میں جسٹس میاں گل حسن کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی بھی سفارش کردی گئی ہے
شائع 02 دسمبر 2025 04:01pm

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس سپریم کورٹ کےکانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے 3 سینئر ججز کے ناموں پر ٖغور کیا گیا۔

جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس محمود اے خان کے ناموں پر غور کرنے کے بعد جسٹس ظفر راجپوت کے نام کی مظوری دے دی ہے۔

بعد ازاں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کیلئے 3 سینئر ججز، جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی کے ناموں پر غور کیا گیا۔


جس کے بعد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس کامران ملاخیل کے نام کی منظوری دے دی۔

جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج مقرر کرنے کی سفارش بھی کی۔ وہ اس وقت بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

Sindh HighCourt

Supreme Court of Pakistan

judicial commission

Judicial Commission of Pakistan

Justice Muhammad Kamran Khan Malakhail

Justice Zafar Ahmed Rajput

Justice Mian Gul Hassan Aurangzeb

Balochistan HighCourt