جوا ایپس کیس: یوٹیوبر ڈکی بھائی جیل سے ضمانت پر رہا
لاہور میں جوئے کی ایپس کی تشہیر کیس میں گرفتار یوٹیوبر سعدالرحمان المعروف ڈکی بھائی کو کیمپ جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے دو روز قبل ڈکی بھائی کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد آج جوڈیشل مجسٹریٹ نے رہائی کی روبکار جاری کی۔
جیل حکام کے مطابق ڈکی بھائی کو حفاظتی انتظامات کے تحت کیمپ جیل کے پچھلے گیٹ سے گاڑی میں بٹھا کر روانہ کیا گیا۔ ان کی رہائی کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات رہی۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز ڈکی بھائی کی رہائی التواء کا شکار ہوگئی تھی, عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث روبکار جاری نہ ہو سکی تھی۔ ڈکی بھائی کی وکیل امرت شیخ کا کہنا تھا کہ روبکار کی جانچ پڑتال میں وقت لگتا ہے، اسی وجہ سے تمام کوششوں کے باوجود روبکار مکمل نہ ہوسکی۔
یو ٹیوبر ڈکی بھائی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی، لیکن روبکار مکمل نہیں ہوسکی۔ بدھ کے روز روبکار جاری ہو جائے گی۔
سعدالرحمٰن المعروف ڈکی بھائی پاکستان کے مقبول یوٹیوبر ہیں، مگر ان پر غیر قانونی جوئے کی ایپس جیسے بائنومو، بیٹ 365 اور 39 گیم کی تشہیر کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے لوگوں کو ان ایپس پر سرمایہ کاری کی ترغیب دی جس سے متعدد شہری مالی نقصان کا شکار ہوئے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق بائنومو سمیت 46 ایسی ایپس پاکستان میں غیر قانونی قرار دی جا چکی ہیں۔ ایف آئی آر میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ ڈکی بھائی بائنومو کے کنٹری مینیجر کے طور پر کام کرتے رہے اور اس کی اجازت کسی حکومتی ادارے سے نہیں لی گئی۔














