کراچی میں ایک ماہ کے دوران 71 کروڑ روپے سے زائد کے ای چالان
کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں ایک ماہ کے دوران ہونے والے ای چالانز کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ایک ماہ میں شہریوں کو مجموعی طور پر 71 کروڑ روپے سے زائد کے چالان کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں کراچی بھر میں 93 ہزار سے زیادہ ای چالان جاری کیے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی تھیں۔ 57 ہزار 541 ڈرائیورز نے سیٹ بیلٹ استعمال نہیں کی، جس پر انہیں مجموعی طور پر 57 کروڑ 54 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ ہوا۔
اسی طرح موٹر سائیکل سواروں نے بھی ٹریفک قوانین کی بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں کیں۔ 22 ہزار 257 موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کے بغیر پکڑے گئے، جن پر 11 کروڑ 11 لاکھ 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
کراچی میں گاڑی کسی اور کے نام ہو تو ای چالان کسے ملے گا؟
ٹریفک پولیس کے مطابق ڈمپر، ٹریلر اور واٹر ٹینکرز میں نصب ٹریکر سسٹم کی مدد سے تیز رفتاری کی نشاندہی ہوئی، جس پر 1 ہزار 188 چالان ہوئے۔ عام ڈرائیوروں کی تیز رفتاری کے 2 ہزار 699 جبکہ سگنل توڑنے کے 3 ہزار 102 چالان درج کیے گئے۔
فینسی نمبر پلیٹ لگانے پر 1 ہزار 278 اور گاڑیوں میں رنگین شیشے استعمال کرنے پر 1 ہزار 178 چالان ہوئے، جن پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 94 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 611 اور رانگ وے پر گاڑی چلانے پر 426 ای چالان جاری کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری قوانین کی پاسداری کریں، کیونکہ یہ قوانین نہ صرف ان کی اپنی حفاظت کے لیے ہیں بلکہ سڑک پر موجود دیگر لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہیں۔













