چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر کی فیلڈ مارشل سے الوداعی ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی استحکام اور ملٹری ڈپلومیسی میں جنرل ساحر شمشاد کے کردار کو سراہا۔
شائع 25 نومبر 2025 05:47pm

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الوداعی ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی استحکام اور ملٹری ڈپلومیسی میں جنرل ساحر شمشاد کے کردار کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  منگل کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں الوداعی ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی استحکام اور ملٹری ڈپلومیسی میں جنرل ساحر شمشاد کے کردار کو سراہا اور افواجِ پاکستان کے لیے کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مثالی قیادت، اسٹریٹجک دور اندیشی، اور افواج پاکستان کے لیے وقف خدمات کو سراہا۔

انہوں نے تینوں مسلح افواج کے درمیان ربط و ہم آہنگی بڑھانے، مشترکہ آپریشنل تیاریوں کو تقویت اور پاکستان کی قومی سلامتی کے مقاصد کو سٹریٹجک سطح پر آگے بڑھانے میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی استحکام، فوجی سفارت کاری اور دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے جنرل ساحر شمشاد مرزا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

AAJ News Whatsapp

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے دور میں دیے گئے تعاون اور حمایت پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جب کہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی  جنرل  ساحر شمشاد مرزا  نے  صدر مملکت  آصف علی زرداری اور  وزیراعظم  شہباز شریف سے  بھی الوداعی  ملاقاتیں کی تھیں۔

صدر مملکت نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی دفاع کے لیے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی خدمات کو سراہا تھا۔ آصف زرداری کی جانب سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی جنرل  ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں  اور ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی تھی۔

خیال رہےکہ 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کردیا گیا ہے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر 2025 کو  اپنی ملازمت کی مقررہ مدت پوری کرنےکے بعد ریٹائر ہو جائیں گے اور ان کے بعد کوئی چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی نامزد نہیں کیا جائے گا۔

CJCSC

General Asim Munir

Chairman Joint Chiefs of Staff Committee

Asim Munir

field marshal

Field Marshal Asim Munir

Sahir Shamshad Mirza retirement

Sahir Shamshad Mirza Bangladesh visit