بنگلہ دیش کو ایک لاکھ ٹن چاول کی ایکسپورٹ کے لیے سرکاری ٹینڈر جاری
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن (پی ٹی سی) نے بنگلہ دیش کو چاول کی ایکسپورٹ کے لیے ایک لاکھ ٹن چاول خریدنے کا ٹینڈر جاری کیا ہے۔
پی ٹی سی نے بنگلہ دیش کو چاول برآمد کرنے کے لیے علیحدہ سربمہر بولیاں طلب کی ہیں اور بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
برآمد ہونے والا چاول ایری-6 لمبے دانے والا سفید چاول ہوگا جو کراچی سے بنگلا دیش بھیجا جائے گا۔
ٹینڈر نوٹس کے مطابق بولیاں کم از کم 25 ہزار ٹن اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ٹن کے لیے ہوں گی اور قیمت کی پیشکش 21 کاروباری دنوں تک قابلِ قبول رہیں گی۔
چاول شپمنٹ کے لیے 45 دن میں تیار کرنا لازمی ہوگا اور ٹینڈر میں شرط رکھی گئی ہے کہ چاول تازہ پاکستانی فصل سے ہو، انسانی استعمال کے قابل ہو اور اس میں کوئی ناگوار بو، پھپھوندی یا دیگر آلودگی نہ ہو۔
یہ اقدام پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی چاول کی عالمی مارکیٹ میں برآمدات بڑھانے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان حکومتی سطح پر تعلقات میں بہتری آئی ہے۔خصوصاً سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی اگست 2024 میں برطرفی کے بعد دو طرفہ رابطوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
98 ٹینکوں کی اپگریڈیشن؛ پاکستان اور بنگلادیش میں دفاعی تعاون کا نیا آغاز
دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے بھی پیشرف گزشتہ روز سامنے آئی۔ پاکستان کی سرکاری دفاعی صنعت ”ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا“ (ایچ آئی ٹی) کے اعلیٰ سطح وفد نے بنگلادیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان سے ڈھاکہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بات ہوئی۔
بنگلادیش آرمی کے مطابق یہ ملاقات خاص طور پر بنگلادیشی فوج کے چالیس ”ٹائپ 59“ اور اٹھاون ”ٹائپ 69“ ٹینکس کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر مرکوز رہی۔
















