فیصل آباد: فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے دھماکا، متعدد افراد جاں بحق

دھماکے کی شدت سے فیکٹری مکمل طور پر تباہ، اطراف کے مکانوں کی چھتیں گر گئیں
اپ ڈیٹ 21 نومبر 2025 12:11pm

فیصل آباد میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ دھماکے کی شدت سے فیکٹری کی عمارت منہدم ہو گئی اور آس پاس کے کئی مکانوں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں اب تک 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سات بچے اور خواتین شامل ہیں جبکہ 7 افراد تشویش ناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

صبح سویرے فیکٹری بوائلر کے پھٹنے سے ہونے والےدھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فیکٹری کی عمارت زمیں بوس ہوگئی اور اسکے اطراف واقع متعدد مکانوں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئئے جن میں میاں بیوی اور دو بچے شامل تھے۔ لواحقین کے مطابق تمام افراد گھر میں سو رہے تھے، جب دھماکا ہوا تو پوری عمارت ان پر آ گری۔

دوسری جانب پولیس نے فیکٹری منیجر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مالک کی تلاش جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کا کہنا ہےکہ واقعہ بوائلر پھٹنےسے ہوا یا شارٹ سرکٹ سے، ابھی اس کا تعین کیا جارہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ریسکیو 1122 نے متعدد افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

Faisalabad

rescue 1122

factory Blast

Boiler explosion

Malikpur