چین میں ملک کی سب سے بڑی سونے کی کان دریافت

نئی دریافت کان میں تقریباً 14 سو ٹن سونا موجود ہے، جس کی موجودہ مالیت تقریباً 54.78 ٹریلین پاکستانی روپے بنتی ہے
شائع 15 نومبر 2025 06:29pm

چین نے ملک کا سب سے بڑا سونے کا ذخیرہ دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے، جو 1949 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی دریافت قرار دی جا رہی ہے۔

چین کی وزارتِ قدرتی وسائل نے اعلان کیا کہ انہوں نے ملک میں معدنیات کی تلاش میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

حکام کے مطابق چین میں پہلی بار ہزار ٹن سے زائد سونے کے ذخائر کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ کان شمال مشرقی چین کے صوبے لیاؤننگ کے علاقے لیاؤ ڈونگ میں واقع ہے۔

چینی سرکاری میڈیا گلوبل ٹائمز کے مطابق اِس کان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 1,444.49 ٹن سونا موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق اِس کان کی معاشی فزیبلٹی رپورٹ منظور ہو چکی ہے جس کے بعد سونے نکالنے کے عمل کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مقام پر تقریباً 2.586 ملین ٹن خام دھات موجود ہے، جس میں فی ٹن اوسطاً 0.56 گرام سونا شامل ہے، جو مجموعی طور پر تقریباً 1,444 ٹن بنتا ہے۔

یورو نیوز کے مطابق عالمی منڈی کے موجودہ نرخوں کے مطابق اس مقدار کا سونا 166 ارب یورو سے زائد مالیت رکھتا ہے۔

رواں سال سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور فی کلوگرام قیمت 115 ہزار یورو سے بھی زیادہ پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 54.78 ٹریلین پاکستانی روپے بنتی ہے۔

چین کی مصنوعی ذہانت میں امریکا کو زیر کرنے کی تیاری

یہ دریافت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب عالمی منڈی میں سونے کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ رواں سال سونے کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے، جس کی وجہ امریکی ڈالر کو عالمی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے۔

دوسری جانب اُبھرتی ہوئی معیشتوں کی جانب سے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے لیے بڑے پیمانے پر سونے کی خریداری جاری ہے۔

یہ منصوبہ ریاستی ملکیتی لیاؤننگ جیولوجیکل اینڈ مائننگ گروپ نے مکمل کیا، جس میں تقریباً ایک ہزار ماہرین اور مزدوروں نے حصہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق صرف 15 ماہ میں اتنے بڑے ذخیرے کی کھوج مکمل کرنا غیر معمولی بات ہے۔

china

GOLD MINE

largest gold deposit

Biggest Gold mine found in China