پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں کون سی ہوں گی؟

پی ایس ایل فرنچائزز کی ویلیو ایشن کا عمل مکمل، دو نئی فرنچائزز کی ممکنہ قیمت بھی طے کردی گئی
شائع 14 نومبر 2025 11:29am

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل ایڈیشن الیون کے لیے دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی تیاریاں بھی تیز ہوچکی ہیں۔

پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ جس کے بعد اگلے ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کی فروخت کا ٹینڈر جلد شروع ہوجائے گا۔

حکام کے مطابق ایک چارٹرڈ فرم نے دو نئی پی ایس ایل فرنچائزز کی ممکنہ قیمت کا تعین کر لیا ہے۔ ایڈیشن الیون سے قبل دونوں نئی ٹیموں کے مالکان کا انتخاب مکمل کر لیا جائے گا۔

نئی ٹیموں کے لیے جن شہروں کے نام زیرِ غور ہیں ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ ٹینڈر کی تکمیل کے بعد ہی کیا جائے گا۔

AAJ News Whatsapp

پی سی بی نے موجودہ فرنچائزز کو 10 سالہ تجدید کے ساتھ نئے معاہدوں کی باضابطہ پیشکش کر دی ہے اور انہیں مقررہ مدت میں اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بورڈ فرنچائزز کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کے مستقبل کو مستحکم بنانے اور لیگ کی توسیع کے لیے تمام ضروری مراحل تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

PSL

PCB

Pakistan Super League

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

psl 11