کالعدم ٹی ایل پی کے لیے قانونی شکنجہ مزید سخت، پنجاب حکومت کا نیا حکم نامہ جاری
پنجاب حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی تمام جائیدادیں اور اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر سے ٹی ایل پی کے نام پر موجود جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی تمام جائیدادیں اور اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں ٹی ایل پی کے نام پر موجود تمام جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات جمع کر کے 15 نومبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ چیئرمین سب کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے بعد سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری کوآپریٹو اور دیگر محکموں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دیں۔
تحریک لبیک پاکستان کو پہلے ہی انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا جا چکا ہے اور اب اس کے تمام مالی و غیر مالی اثاثے منجمد کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔












