پاکستان کرکٹ ٹیم ایک اور مشکل میں پھنس گئی، بھاری جرمانہ عائد

آئی سی سی نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے کے بعد پاکستان ٹیم پر جرمانہ کیا۔
شائع 13 نومبر 2025 08:53pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں سلور اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلامیے کے مطابق راولپنڈی میں 11 نومبر کو سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے علی نقوی نے یہ جرمانہ اس وقت عائد کیا، جب شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹیم نے مقررہ وقت میں 4 اوور کم کرائے۔

آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق مقررہ وقت کے بعد ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے غلطی تسلیم اور تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

میدان میں موجود امپائرز ایلکس وارف اور آصف یعقوب، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر راشد ریاض نے جرمانہ تجویز کیا۔

AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ پاکستان نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 نومبر کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا ٹیم پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی تھی۔

ICC

Pakistan Cricket Team

odi series

pakistan vs sri lanka

odi cricket

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

icc fine