امریکا کی بھارت کو دہلی دھماکے کی تحقیقات میں مدد کی پیشکش

مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ ہے
شائع 13 نومبر 2025 09:02am

نئی دہلی میں لال قلعہ کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد امریکا نے بھارت کو تحقیقات میں مدد کی پیشکش کر دی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ انڈین حکام دھماکے کی پیشہ ورانہ تحقیقات کر رہے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو امریکا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

کینیڈا میں وزرائے خارجہ گروپ کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ “ہمیں امید ہے انڈین ادارے اس واقعے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے، اور اگر بھارت چاہے تو امریکا تکنیکی اور فرانزک سطح پر مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔”

خیال رہے کہ دہلی میں پیر کی شام ہونے والے کار بم دھماکے نے بھارتی دارالحکومت کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ دھماکا تاریخی لال قلعے کے قریب ایک مصروف علاقے میں اس وقت ہوا جب لوگ دفاتر اور بازاروں سے گھروں کو جا رہے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور چوبیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

انڈین حکومت نے اس واقعے کو “دہشت گردی کی کارروائی” قرار دیا ہے۔ بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ یہ حملہ ملک دشمن عناصر کی سازش ہے جن کا مقصد بھارت میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے مختلف ریاستوں میں چھاپے مار کر ہزاروں کلوگرام دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، ٹائمرز اور بم سازی کا دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ اس دھماکے کے پیچھے کون سا گروہ ملوث ہے۔

بھارتی وزارت داخلہ نے دہلی، اترپردیش اور ہریانہ سمیت حساس علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور انٹیلیجنس ایجنسیاں مشترکہ طور پر شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

AAJ News Whatsapp

امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیاں غزہ میں جاری امن کوششوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔

نئی دہلی دھماکا، بھارتی خفیہ اداروں کی سازش!

روبیو نے واضح کیا کہ برطانیہ نے امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بند نہیں کیا، جیسا کہ بعض غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا۔

روبیو نے مزید بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اگلے ہفتے واشنگٹن کا دورہ کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ کے امن اور علاقائی تعاون پر بات چیت متوقع ہے۔

Marco Rubio

US Secretary of State Marco Rubio

Red Fort Delhi Blast

Delhi Blast