اردو زبان و ادب کی ممتاز دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں

مرحومہ نے پنجاب کی نگران کابینہ میں بطور صوبائی وزیر بھی خدمات انجام دیں
شائع 10 نومبر 2025 02:25pm

ملک کی معروف ماہرِ تعلیم، محققہ اور اردو زبان و ادب کی ممتاز دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں۔ علمی و ادبی حلقوں میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا فارمن کرسچن کالج لاہور میں تاریخ کے شعبے سے وابستہ تھیں اور بطور پروفیسر اپنی تدریسی و فکری خدمات انجام دے رہی تھیں۔ وہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی پرنسپل بھی رہ چکی ہیں، جہاں ان کے دورِ قیادت میں ادارے نے کئی علمی اور انتظامی اصلاحات دیکھیں۔

مرحومہ نے پنجاب کی نگران کابینہ میں بطور صوبائی وزیر بھی خدمات انجام دیں اور قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن کے طور پر خواتین کے حقوق اور سماجی اصلاحات کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

AAJ News Whatsapp

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا اردو زبان، ادب، جنوبی ایشیائی تاریخ اور معاشرتی علوم پر غیر معمولی گہری بصیرت رکھتی تھیں۔ ان کی علمی تحریریں، لیکچرز اور میڈیا پر گفتگوؤں نے نئی نسل میں فکری بیداری پیدا کی۔

ادبی، تعلیمی اور سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات پاکستان کے علمی و فکری منظرنامے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی خدمات اور علمی وراثت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Arfa Sayeda Zehra