شامی صدر کی امریکی فوجی حکام کیساتھ باسکٹ بال کھیلنے کی ویڈیو وائرل
شام کے صدر احمد الشرع کی امریکی سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر اور دیگر فوجی حکام کے ساتھ باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔
شامی صدر احمد الشرع اس وقت امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں اور وہ کسی وقت صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، شامی صدر اور امریکی فوجی حکام کے درمیان باسکٹ بال کھیلنے کی ویڈیو امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے ایک کمپاؤنڈ میں بنائی گئی ہے۔
ویڈیو میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایڈمرل براد کوپر اور انسداد داعش اتحاد کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل کیون لیمبرٹ کے ساتھ شامی عہدیدار کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔
شامی عبوری حکومت کی جانب سے یہ ویڈیو وزیر خارجہ نے خود شیئر کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اس پر فخر محسوس کر رہی ہے۔ تاہم، شامی صدر کو انتہا پسندی کے الزامات کے باعث تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔ انہیں 2000 کی دہائی میں عراق میں امریکی حراست کا بھی سامنا کرنا پڑا، اور ان کا تعلق القاعدہ سے جوڑا جاتا رہا۔
اب صورتحال بدل چکی ہے۔ احمد الشرع اور ان کی تنظیم حیات تحریر الشام پر سے پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں، اور وہ دسمبر میں دمشق میں بھی داخل ہو چکے ہیں۔
شام: نئی قیادت کی جانب سے آئین منسوخ، احمد الشرع عبوری صدر مقرر
صدر الشرع نے گزشتہ سال مئی میں سعودی عرب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، اور ستمبر میں جنرل اسمبلی کے لیے امریکا کا دورہ بھی کیا۔
اس بار وہ واشنگٹن پہنچے جہاں انہوں نے شامی-امریکی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ صدر الشرع نے تنظیموں کے شامی مسائل کی آگاہی بڑھانے اور امریکی معاشرے میں شامی موجودگی مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا۔
شامی صدر کی امریکا میں ملاقاتیں آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ہونے والی ملاقات کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہیں۔ ان کا یہ دورہ برازیل میں کوپ 30 ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کے بعد ہوا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب شامی صدر نے باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ویڈیو دکھائی ہو۔ چھ ماہ قبل بھی ایک رات کی باسکٹ بال ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ اور وزیر خارجہ کھیلتے نظر آئے۔

















