وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی بند آنکھیں سوشل میڈیا پر زیرِ بحث کیوں؟
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تقریب کے دوران آنکھیں بند ہونے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر انکی صحت اور عمر کو لے کر بحث چھڑ گئی ہے۔
اوول آفس میں جمعرات کے روز تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آنکھیں بند کرنے کے لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں۔
ادویات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی تقریب میں صدر ٹرمپ دیگر حکام کے ساتھ موجود تھے۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کبھی ان کی آنکھیں مکمل بند ہوجاتیں اور کبھی وہ انھیں کھلا رکھنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بعض مناظر میں وہ اپنی آنکھوں کو رگڑتے بھی نظر آئے۔
ٹرمپ کے ناقدین نے فوراً ان مناظر کو سوشل میڈیا پر دلچسپ اور سخت تبصروں کے ساتھ شیئر کرنا شروع کردیا۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم کے پریس آفس نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈوزی ڈان واپس آ گئے!‘
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد صدر ٹرمپ کے ناقدین نے ایک بار پھر ان کی صحت اور عمر پر سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے طنز کیا کہ وہ خود سورہے ہیں اور انکے اردگرد موجود افراد ملک چلارہے ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان ٹیلر راجرز نے وضاحت جاری کی کہ ’صدر ٹرمپ سو نہیں رہے تھے، وہ مسلسل گفتگو کر رہے تھے اور انہوں نے صحافیوں کے کئی سوالات کے جواب دیے‘۔
ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ باقاعدگی سے عوام کے سامنے آتے ہیں اور میڈیا سے طویل گفتگو کرتے ہیں۔ ان کے معاونین اور کابینہ کے ارکان ان کی توانائی کی تعریف کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ وہ دن رات رابطے میں رہتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ خود ٹرمپ سابق صدر جو بائیڈن کو ’سست‘ قرار دیتے رہے ہیں اور پچھلے انتخابات میں انہیں ’اونگھنے والا شخص‘ (Sleep Joe) کا لقب دیا تھا، جب کہ بائیڈن بھی اپنی صدارت کے دوران کئی مواقع پر آنکھیں بند کیے ہوئے نظر آ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر اس وقت 79 سال ہے، اور بطور صدر انکی صحت سے متعلق خدشات زیرِ بحث رہتے ہیں، کیونکہ وہ امریکی تاریخ کے سب سے معمر صدر ہیں۔










