بابراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور ریکارڈ قائم کردیا
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں 15,000 رنز مکمل کرلیے ہیں۔
خبر رساں ادارے دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق بابر اعظم نے یہ کارنامہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں انجام دیا، جب انہوں نے بیون فورٹن کی گیند پر ایک رن لیا اور اپنا 23واں رن مکمل کیا۔ اس سنگل رن کے ساتھ بابر اعظم مجموعی طور پر 370 اننگز کھیل کر بین الاقوامی کرکٹ میں 15,000 رنز کے ریکارڈ میں شامل ہو گئے۔
اس کے ساتھ ہی 31 سالہ بابر اعظم صرف پانچویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے جنہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ وہ انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف اور جاوید میانداد کے شانہ بشانہ اس فہرست میں شامل ہو گئے۔
پاکستان کے سب سے زیادہ بین الاقوامی رنز بنانے والے بیٹسمین
-
انضمام الحق – 20,541 رنز، 547 اننگز
-
یونس خان – 17,790 رنز، 491 اننگز
-
محمد یوسف – 17,134 رنز، 426 اننگز
-
جاوید میانداد – 16,213 رنز، 407 اننگز
-
بابر اعظم – 15,004 رنز، 370 اننگز
بابر اعظم اس میچ میں اچھی شروعات کے باوجود بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر سکے اور 32 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار 366، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 4 ہزار 302 اور ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار 330 سے زائد رنز بناچکے ہیں۔ ان کے کے انٹرنیشنل کریئر میں 31 سنچریاں اور 104 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
بابر اعظم کی مستقل مزاجی اور شاندار کارکردگی نے انہیں دنیا کے سب سے کامیاب بیٹسمینوں میں شامل کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح اور تجزیہ کار بابراعظم کی کارکردگی کی بھرپورتعریف کررہے ہیں، خاص طور پر اس سنگ میل کے موقع پر، جس سے وہ پاکستان کیلئے ایک اورتاریخی لمحہ تخلیق کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس ریکارڈ نے بابراعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں عظیم بیٹسمین کے طور پر پہچان کو مزید مستحکم کیا ہے۔














