ایشیا کپ ٹرافی تنازع: کیا پاکستان اور بھارت کے تعلقات بحال ہونے لگے ہیں؟

اس تنازع کو حل کرنے کے لیے آئی سی سی کے سینیئر عہدیدار سرگرم ہیں، سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2025 12:10am

ایشیا کپ ٹرافی تنازع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مداخلت نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کی اکڑ نکال دی، جس کے بعد پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ میں تعلقات بحال ہونے لگے ہیں۔

ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوا جیت سائیکیا نے تصدیق کی ہے کہ اس تنازع کو حل کرنے کے لیے آئی سی سی کے سینیئر عہدیدار سرگرم ہیں اور امید ہے کہ یہ معاملہ باہمی افہام و تفہیم سے طے پا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اجلاس کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بھارتی بورڈ کے عہدیداران کی ملاقات ہوئی، جس میں آئی سی سی کا ایک سینئر نمائندہ بھی موجود تھا۔ یہ ملاقات غیر رسمی تھی مگر فضا مثبت رہی اور دونوں فریقوں نے مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دیوا جیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ایجنڈے میں ٹرافی کا معاملہ شامل نہیں تھا، تاہم آئی سی سی کے تعاون سے الگ ملاقات میں اس پر تفصیل سے بات ہوئی۔

ان کے مطابق دونوں سائیڈز معاملہ جلد حل کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر بات چیت کا یہ سلسلہ اسی طرح آگے بڑھتا رہا تو آنے والے دنوں میں یہ تنازع ختم ہو جائے گا۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ مسئلہ کسی بڑے اقدام سے پہلے ہی خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا۔ ہمارا پورا ملک اور بی سی سی آئی اس ٹرافی کے منتظر ہیں۔

ماہرین کے مطابق پاکستان اور بھارت کے کرکٹ حکام کے درمیان حالیہ رابطے تعلقات کی بہتری کی جانب ایک مثبت اشارہ ہیں۔ اگر ایشیا کپ ٹرافی کا تنازع حل ہو جاتا ہے تو مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیاکپ 2025 کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف میچ کے دوران پہلے کپتان اور پھر قومی ٹیم سے ہاتھ نہ ملاکر اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کی۔

یہی نہیں، میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان نے پہلگام واقعے کا ذکر کرکے کرکٹ میں سیاست لے آئے اور پھر فائنل جیتنے کے بعد بھی اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے ہی انکار کردیا۔

بھارتی ٹیم کی ان حرکتوں پر ان کے سابق کپتان اور کھلاڑی بھی خاموش نہ رہے، بھارتی ٹیم اور کرکٹ بورڈ پر خود تنقید کی۔

سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ جب حکومت نے کھیلنے کی اجازت دے دی ہے تو ہاتھ ملانا کوئی بڑی بات نہیں، کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔

سابق بھارتی کھلاڑی وہیڈ کوچ روی شاستری بھی بھارتی ٹیم کی اوچھی حرکت پر چراغ پا ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ فائنل ختم ہونے کے بعد اختتامی تقریب کےلیے 45 منٹ تک ڈراما کرتے رہے، شائقین انتظار کرتے رہے مگر آپ اپنی ہٹ دھرمی پر ڈٹے رہے، بھارتی ٹیم کی یہ حرکت گھناؤنی ہے۔ْ

PCB

BCCI

Cricket News

mohsin naqvi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

icc meeting

asia cup 2025

asia cup trophy

Asia Cup Trophy Row

bcci pcb relation

india pakistan cricket

devajit saikia