ای چالان سسٹم سے کراچی میں حادثات میں کمی آئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک

ٹریفک اہلکاروں کو عوام کےساتھ مثبت سلوک کے حوالے سے تربیت دی جارہی ہے، پیر محمد شاہ
شائع 06 نومبر 2025 03:54pm
E-challan: Convenience or inconvenience for the public is not above the law!! - Aaj Pakistan

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے، جس سے حادثات اور شرحِ اموات دونوں میں کمی آئی ہے۔

آج نیوز کے مارننگ شو ’آج پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ شہر میں حادثات کی شرح میں واضح کمی آئی ہے. پہلے شہر میں ٹریفک حادثات میں ماہانہ اموات کی شرح 90 تھی جو اکتوبر میں کم ہو کر 40 ہوگئی ہے۔

پیر محمد شاہ کے مطابق ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر حادثات کی جگہوں کا ’ہیٹ میپ‘ تیار کرتی ہے تاکہ خطرناک مقامات کی نشاندہی اور نگرانی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ سیف سٹی کیمرے ذہانت سے کام کرتے ہیں اور انہی کی مدد سے چوری شدہ گاڑیوں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔ ایسے کئی کیسز کو مزید تفتیش کے لیے کرائم برانچ کو منتقل کیا گیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

کراچی: ای چالان جرمانوں پر بڑی رعایت کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ 10 ہزار ہیوی گاڑیوں پر ٹریکرز نصب کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ مِنی بسوں پرآج تک کسی نے لگام نہیں ڈالی، مگر اب انہیں بھی چالان جاری کیے جائیں گے۔

پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر وَن ویلنگ کرنے والے منچلوں کو روکنا بھی بڑا چیلنج تھا، اب انکی نشاندہی اور کارروائی بھی اِنہی کیمروں کے ذریعے ممکن بنائی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ای چالان سسٹم جدید ٹریفک مینجمنٹ کی سمت ایک بڑا قدم ہے جس سے نہ صرف ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بڑھا بلکہ شہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ کا شعور بھی پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو عوام کےساتھ مثبت سلوک کے حوالے سے بھی تربیت دی جارہی ہے۔

Karachi Traffic Police

Karachi E Challan

electronic challan

DIG Traffic Police