اسلام آباد کی عدالتوں کا پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

پی ٹی آئی رہنما متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔
شائع 05 نومبر 2025 08:14pm

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت اور دسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر، شبلی فراز اور عمر ایوب کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب اور علی نواز اعوان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو 11 نومبر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے وارنٹ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں جاری کیے، جس میں ملزمان پر دہشت گردی، اشتعال انگیزی اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کے الزامات عائد ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔

علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت نے آڈیولیک کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پورکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے کیس علی امین گنڈا پور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت علی امین گنڈا پور کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوا، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عدم دستیابی کے باعث فرد جرم کی کارروائی بھی مؤخر کردی گئی۔

AAJ News Whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے آج کیس فرد جرم عائد کرنے کے لیے مقرر کر رکھا تھا، عدالت نے آڈیو لیک کیس پر سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے علی امین گنڈا پور کی ایک شخص کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوگئی تھی، جس میں علی امین گنڈا پور پوچھ رہے تھے کہ بندوقیں کتنی ہیں، جس پر دوسرا شخص کہتا ہے کہ بہت ہیں۔

علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں آڈیو لیک کے حوالے سے مقدمہ درج تھا۔

Omar ayub

shibli faraz

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

ATC Islamabad

ASAD QAISAR

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

islamabad districts session court

Ali Amin Gandapur Arrest Warrant