جنوبی افریقی بیٹر نے اپنے سابقہ ہم وطن کھلاڑی کا 30 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
جنوبی افریقا کے نوجوان اوپنر لہوان دری پریٹوریئس نے اپنے ون ڈے کیرئیر کا زبردست آغاز کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف نصف سنچری جڑ دی اور ساتھ ہی ملک کی جانب سے کم عمر ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے سابقہ ہم وطن کھلاڑی جیک کیلس کا 30 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
19 سالہ پریٹوریئس نے منگل کے روز فیصل آباد میں اپنے ون ڈے ڈیبیو پر صرف 47 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، جس دوران انہوں نے شاندار شاٹس کی بھرمار کردی۔ بائیں ہاتھ کے اس بیٹر نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے پہلے اوور میں دو خوبصورت چوکے جڑ کر میچ کا رنگ جما دیا۔
پریٹوریئس نے اسپنرز کے خلاف بھی اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی۔ انہوں نے آغا سلمان کی گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ ابرار احمد کی گیند پر سنگل لے کر اپنی ففٹی مکمل کی۔ اس کارکردگی کے ساتھ ہی وہ جنوبی افریقا کے لیے سب سے کم عمر میں نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
ریکارڈ کے مطابق، پریٹوریئس نے 19 سال 222 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا، یوں انہوں نے جیک کیلس کا 30 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 1996 میں انگلینڈ کے خلاف 20 سال 93 دن کی عمر میں ففٹی بنائی تھی۔
جنوبی افریقا کے کم عمر ترین ون ڈے نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی
19 سال 222 دن – لہوان-دری پریٹوریئس بمقابلہ پاکستان، فیصل آباد، 2025*
20 سال 93 دن – جیک کیلس بمقابلہ انگلینڈ، ڈربن، 1996
20 سال 326 دن – کوئنٹن ڈی کوک بمقابلہ پاکستان، ابو ظہبی، 2013
20 سال 353 دن – کوئنٹن ڈی کوک بمقابلہ بھارت، جوہانسبرگ، 2013
20 سال 356 دن – کوئنٹن ڈی کوک بمقابلہ بھارت، ڈربن، 2013
یہ پہلا موقع نہیں کہ پریٹوریئس نے بین الاقوامی سطح پر دھوم مچائی ہو۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر رواں سال جولائی میں زمبابوے کے خلاف 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پریٹوریئس نے انڈین پریمیئر لیگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ رواں سال راجستھان رائلز نے انہیں نِتیش رانا کے متبادل کے طور پر سائن کیا تھا، جہاں ان کی بیٹنگ نے سب کی توجہ حاصل کی۔ اطلاعات کے مطابق، فرنچائز انہیں آئندہ آئی پی ایل 2026 سیزن کے لیے برقرار رکھنے پر غور کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کو طویل عرصے بعد ایک نیا باصلاحیت اوپنر ملا ہے جو مستقبل میں ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی ریڑھ کی ہڈی بن سکتا ہے۔
Aaj English

















