بھارت ایشیا کپ ٹرافی کو ترس گیا، آج آئی سی سی سے شکایت کا امکان
ایشیا کپ میں صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کے فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ ٹرافی کے حصول کو ترس گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بھارت آج سے شروع ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائے گا۔
دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا چار روزہ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی سمیر سید کریں گے جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ ٹرافی نہ ملنے کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائی نے کہا کہ ’ہم اب تک ایشیا کپ ٹرافی کے انتظار میں ہیں، جو اے سی سی کے صدر محسن نقوی کی جانب سے ہمیں فراہم نہیں کی گئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ بی سی سی آئی نے چند روز قبل ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کو خط لکھا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ٹرافی جلد بھارت کے حوالے کی جائے، تاہم اب تک وہ موصول نہیں ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معاملہ آج دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے دوران اٹھایا جائے گا۔ دیوجیت سائی نے کہا کہ ’ہم اپنی شکایت آئی سی سی کے سامنے رکھیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ آئی سی سی انصاف کرے گا اور بھارت کو ٹرافی دلائے گا۔‘
خیال رہے کہ 28 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، تاہم انعامی تقریب کے دوران بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد محسن نقوی خود ٹرافی لے کر تقریب سے چلے گئے تھے۔
    
ذرائع کے مطابق ٹرافی اب تک ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر میں موجود ہے۔ عملے کے مطابق انہوں نے ہدایت کی ٹرافی کو ہاتھ لگایا جائے نہ اِدھر اُدھر کی جائے، بھارتی ٹیم جب چاہیے ٹرافی آکرمیرے ہاتھ سے لے سکتی ہے۔
جس کے بعد بی سی سی آئی نے معاملہ آئی سی سی اجلاس میں اٹھانے کا اعلان کیا تھا، اور قومی امکان ہے کہ بھارت آج سے شروع ہونے اجلاس میں اس معاملے کو اٹھائے گا۔
      
        
 Aaj English


















