پنجاب میں افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف مقدمات کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق چھٹے اجلاس میں صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف فیلڈ سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ افغان باشندوں سمیت کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں، جبکہ اس سلسلے میں روزانہ کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
کارروائی کی نگرانی کے ذمہ دار پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او ہوں گے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے چہرے کی شناخت کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف مہم جاری ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع سی سی ڈی کو دیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں افغان شہریوں کے لئے 45 ہولڈنگ سنٹر قائم کیے گئے ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو قیام طعام اور طور خم بارڈر تک ٹرانسپورٹ دی جارہی ہے۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ انتہا پسند جماعتوں کا پرچار کرنے والے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ بھی قانون کی گرفت میں آ گئے ہیں، جبکہ بند کیے گئے مدارس کو مرحلہ وار ڈی سیل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح ہدایت دی کہ کارروائیوں کے دوران کوئی بے گناہ شخص زد میں نہ آئے اور صوبے میں مقیم افغان باشندوں کا درست اور مکمل ڈیٹا فوری طور پر جمع کیا جائے۔
دوسری جانب سالانہ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کے لیے وزیراعلیٰ کے حکم پر لاہور ہائی وے ڈویژن نے رائیونڈ روڈز پر پیچ ورک کا کام برق رفتاری سے مکمل کر لیا ہے۔
Aaj English
















