Aaj News

سونا مہنگا ہونے پر عوام کی چاندی میں دلچسپی، ایک ماہ میں فی تولہ قیمت ہزاروں روپے بڑھ گئی

سونے کی قیمت چار لاکھ روپے فی تولہ سے بڑھنے کے بعد لوگ سرمایہ کاری کے لیے چاندی خریدنے لگے
شائع 21 اکتوبر 2025 02:25pm
After Gold, Silver Prices Also Reach Record Highs - Aaj News Pakistan

سونے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد اب چاندی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے۔ مارکیٹ میں چاندی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور فی تولہ 9 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ جیولرز کے مطابق صرف ایک ماہ میں چاندی کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد درمیانے طبقے کے لیے زیورات خریدنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

کراچی کے لیاقت آباد صرافہ بازار میں عام دنوں کی چہل پہل اب ماند پڑ چکی ہے۔ دکانداروں کے مطابق پہلے یہاں خریداروں کا رش ہوتا تھا مگر اب گاہکوں کے بجائے ویرانی چھائی ہوئی ہے۔ جو چند خریدار آتے بھی ہیں، وہ زیورات بنوانے کے بجائے پرانے زیورات بیچنے یا پالش کروانے آتے ہیں۔

ایک جیولر نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سونے کی قیمت چار لاکھ روپے فی تولہ سے بڑھنے کے بعد لوگ سرمایہ کاری کے لیے چاندی خریدنے لگے، جس سے اس دھات کی طلب اور قیمت دونوں میں زبردست اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق متوسط طبقہ جو پہلے چاندی کے زیورات خریدتا تھا، اب اس کے لیے بھی یہ ممکن نہیں رہا۔

AAJ News Whatsapp

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ یا تحفوں کے لیے چاندی کے زیورات خریدنا اب مشکل ہوگیا ہے، اس لیے زیادہ تر لوگ مصنوعی زیورات پر اکتفا کر رہے ہیں۔

ادھر سونے کی قیمتوں میں معمولی استحکام دیکھا گیا ہے۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے پر مستحکم ہے جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 81 ہزار 430 روپے پر برقرار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں دھاتوں کی بڑھتی قیمتیں، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور ملکی معاشی غیر یقینی صورتحال نے قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ کو شدید متاثر کیا ہے، جس کا بوجھ براہِ راست عوام پر پڑ رہا ہے۔

bullion rates

Gold rates Pakistan

Silver Price