Aaj News

پی ٹی آئی پاک افغان تعلقات کو صرف اپنے کاروبار کے تناظر میں نہ دیکھے: خواجہ آصف

اللہ ان کو دہشت گردی کی مذمت کرنے کی بھی توفیق دے، وزیر دفاع کا ٹوئٹ
شائع 19 اکتوبر 2025 10:52pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاک افغان تعلقات کو صرف اپنے کاروبار کے تناظر میں نہ دیکھے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی دوحا معاہدے کا خیر مقدم کررہی ہے جو اچھی بات ہے لیکن درخواست ہے کہ پاک افغان تعلقات کو صرف اپنے کاروبار کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اللہ ان کو دہشت گردی کی مذمت کرنے کی بھی توفیق دے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ ان کو شہدا کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کرنے کی توفیق دے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں سیز فائر پر اتفاق ہوگیا ہے، جس کا عالمی رہنماؤں نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔

دنیا بھر کے مختلف ممالک اور سیاسی رہنماؤں نے دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد ہفتے کے روز طالبان حکام سے مذاکرات کے لیے دوحہ پہنچا۔ مذاکرات کا مقصد سرحد پار جھڑپوں کا خاتمہ اور پاکستان کے سیکیورٹی خدشات پر بات چیت تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک ہفتے تک جاری سرحدی جھڑپوں کے بعد قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں طے پانے والے مذاکرات کے نتیجے میں فوری جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

AAJ News Whatsapp

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پائیدار امن اور استحکام کے لیے ایک عملی فریم ورک پر بھی اتفاق کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آنے والے دنوں میں فالو اپ ملاقاتوں کے ذریعے اس معاہدے کے تسلسل اور اس کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Khawaja Asif

Khuwaja Asif

Pak Afghan Clash

Pak Afghan Doha Talks

Doha Talk

due to Pak Afghan tensions